بھٹکل،3 / ستمبر (ایس او نیوز) ڈانڈیلی کی صحافی اور ادیب بی این واسرے کے ساتھ وہاں کے سرکل پولیس انسپکٹر بھیمنّا کی طرف سے کیے گئے ناروا سلوک اور زیادتی کی مذمت کرتے ہوئے بھٹکل تعلقہ ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے اے سی کے توسط سے وزیر داخلہ کے نام میمورنڈم دیا گیا ۔
میمورنڈم میں ڈانڈیلی سرکل پولیس انسپکٹر بھیمنّا سوری کی طرف سے ساہتیہ پریشد ضلع صدر اور صحافی بی این واسرے کے ساتھ جو زیادتی اور ہتک آمیز سلوک کیا گیا ہے اس کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عوامی مقام پر ایک سرکاری افسر کو خوش اخلاقی اور متانت بھرے رویے کے برخلاف ایک صحافی کے ساتھ اس طرح کا برتاو کرنا سرکاری محکمہ کو زیب نہیں دیتا ۔ جن سرکاری افسروں کو صحافیوں کے لئے تحفظ فراہم کرنا چاہیے ان کی طرف سے ایسے سلوک کی حمایت نہیں کی جا سکتی ۔
میمورنڈم میں جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی طرف سے ضلع کے صحافیوں کے لئے مناسب تحفظ فراہم کرنے اور قصوروار افسروں کے خلاف کڑی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔
اسسٹنٹ کمشنر کی غیر موجودگی کی وجہ سے سر رشتہ دار پروین نے میمورنڈم قبول کیا ۔ تعلقہ ورکنگ جرنلسٹ ایسو سی ایشن کے صدر رضا مانوی نے میمورنڈم پڑھ کر سنایا ۔ سیکریٹری شئیلیش وئیدیا، اعزازی صدر رادھا کرشنا بھٹ، ضلع کمیٹی کے رکن فیاض ملا کے علاوہ ایسوسی ایشن کے اراکین عتیق الرحمن شاہ بندری، عنایت اللہ گوائی، اظہر برماور، راگھویندرا ہیبار، منموہن نائک، پرسنا بھٹ، ایس اودئے نائک اور کنڑا ساہتیہ پریشد صدر گنگا دھر نائک وغیرہ موجود تھے ۔